پنجاب حکومت کا صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 6 سے 9 فروری تک تعطیلات کا اعلان
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 6 سے 9 فروری تک تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ 6سے9 فروری تک تمام نجی و سرکاری اسکولز، کالجز اور جامعات بند رہیں گی،ساڑھے 9بجے اسکولز کھولنے کی پابندی 3 فروری تک رہے گی۔
دوسری جانب سندھ بھر میں 5 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کراچی سمیت سندھ بھر میں عام تعطیل ہو گی۔چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ فروری کو دس بجے ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں اور جلسے منعقد کیے جاتے ہیں۔
قبل ازیں وفاقی کابینہ ڈویژن نے سال 2024 میں ہونے والی سرکاری چھٹیوں کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔2024 کی پہلی سرکاری چھٹی 5فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر ہوگی ، 23 مارچ کو یوم پاکستان کی عام تعطیل ہوگی۔
عیدالفطر کی چھٹیاں 10، 11 اور 12 اپریل کو ہوں گی اور یکم مئی کو یوم مزدور کی چھٹی ہوگی ۔عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں 17 سے 19 جون تک ہوں گی۔ محرم کی چھٹیاں 16اور17جولائی کو یوم عاشور پر ہوں گی۔
14اگست کو یوم آزادی پر چھٹی ہوگی اور 16 ستمبر کو عید میلادالنبیﷺ کی چھٹی منائی جائے گی ۔9نومبر کو یوم اقبال اور 25 دسمبر کو قائداعظم کے یوم ولادت پر چھٹی ہوگی۔
غیرمسلموں کے لیے 14 فروری کو بسنت پنچمی کی اختیاری چھٹی ہوگی، 8مارچ کو ”شیوارتری“ کی اختیاری چھٹی ہوگی۔شب معراج 7فروری کو بھی اختیاری چھٹی کی جا سکتی ہے اور شب برات کی 25فروری کو اختیاری چھٹی بھی ہوگی۔
ہندووؤں کے تہوار ہولی پر 24مارچ اور دولہندی 25مارچ کو چھٹی کی جاسکتی ہے۔گڈ فرائیڈے 29مارچ اور ایسٹر کی چھٹیاں 31مارچ سے یکم اپریل تک ہوں گی۔ یساکھی کے تہوار کیلئے 13کی بھی اختیاری چھٹی ہوگی۔