زیادہ نشستیں ہم نے جیتیں، وفاق اور صوبوں میں حکومت بنائیں گے،عمر ایوب، بیرسٹر گوہر

تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عمر ایوب ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔

عمر ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے انتخابات کیلئے بہت جدوجہد کی ہے، پی ٹی آئی نے الیکشن کے لیے سپریم کورٹ میں 3 اپیلیں دائر کیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے بار باراستدعا کی، 8 فروری کو لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، ہم قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں جیتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بلوچستان میں بھی ہماری جیتی ہوئی سیٹیں ہمیں نہیں دی گئیں، سندھ میں ہمیں ایک نشست بھی نہیں دی گئی، فارم 45 کے مطابق انتخابات کے نتائج جاری کیے جائیں۔

اس موقع پر عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے انتخابات میں 180 سیٹیں جیتی ہیں ، وزارت عظمیٰ کا الیکشن لڑوں گا۔

عمر ایوب نے کہا کہ کراچی میں ہماری 18،19 سیٹیں ایم کیو ایم کو دی گئیں، عوام کے مینڈیٹ کو چرانے کی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد حکومت کی تشکیل پہ بات ہوتی ہے مگر بد قسمتی سے ابھی تک الیکشن کمیشن نے نتائج جاری نہیں کیے، پی ٹی آئی نے بر وقت اور آئین کے مطابق فری اینڈ فئیر الیکشنز کے لیے بہت کام کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری خیبر پختونخوا میں 42 سیٹیں ہیں، پنجاب میں ہماری 50 کے قریب سیٹیں ہیں، ووٹ پر امن طریقے سے ہوئے، تمام پارٹیوں کو فارم 45 ملا، فارم 45 کے مطابق نتائج کا اعلان کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری جماعت کو ریلیوں اور ورکرز کنوشن کی اجازت نہیں دی گئی، ہمیں انتخابی نشان بلا ملا اور نہ انتخابی مہم چلانے دی گئی، ہمارے ورکرز اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیےگئے،پی ٹی آئی کو آؤٹ کرنے کی کوشش کی گئی، ہمیں پنجاب میں جیتی ہوئیں 50 نشستیں نہیں دی گئی ہیں، پنجاب میں ہماری اکثریت کو کم کیا گیا

انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی نے جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کی کوشش کی ہے، عوام 8 فروری کو بڑی تعداد میں نکلے اور پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔

سابق کمشر راولپنڈی کے انتخابات میں میبنہ دھاندلی کے حوالے سے بیان پر بیرسٹر گوہر نے مؤقف دیا کہ سابق کشمنر راولپنڈی نے اپنے ضمیر کی آواز پر فیصلہ کیا ہے، یہ ہمارے مؤقف کی تائید ہے، پی ٹی آئی اس معاملے کے انکوائری کا مطالبہ کرتی ہے، جو رپورٹ ہو پھر وہ عوام کے سامنے لائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے