مداح نے آٹوگراف کے بہانے شادی کے سرٹیفکیٹ پر دستخط کرا لیے
مایہ ناز گلوکار کی مداح نے ان سے آٹوگراف کے بہانے شادی کے سرکاری سرٹیفکیٹ پر دستخط کرالیے اور تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماضی کا مقبول ترین برطانوی میوزک بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کے ممبر لوئس ٹاملنسن نے بے دھیانی میں شادی کے سرٹیفکیٹ پر دستخط کردیے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مشہور گانا ‘نائٹ چینجز’ بنانے والا یہ بینڈ اب ختم ہوچکا ہے، 2010 میں بننے والا ون ڈائریکشن نامی بینڈ 2016 میں ختم ہوگیا تھا، اس بینڈ میں گلوکار زین ملک سمیت لوئس ٹاملنسن، لیام پیئن، ہیری اسٹائلز اور نائل ہوران شامل تھے، جب کہ اب یہ سب اپنے اپنے گانے بناتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان دنوں لوئس انڈونیشیا میں اپنے کانسرٹس میں مصروف ہیں، اسی دوران جکارتہ میں ایک کانسرٹ میں جہاں مداحوں کا سمندر امڈا ہوا تھا، لوئس نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے مداحوں کو آٹوگرافس دیں گے۔
اسی دوران جب لوگ ایک کے بعد آٹوگراف لے رہے تھے جب ایک خاتون نے شادی کا سرٹیفکیٹ لوئس کو تھما دیا، گلوکار نے دیکھے بغیر ہی اس پر اپنے دستخط (آٹوگراف) کردیے۔
یہ بات اس وقت پتہ چلی جب خاتون نے گھر جاکر اس سرٹیفکیٹ کی تصویر ٹک ٹاک پر ڈالی اور دعویٰ کیا کہ وہ اور لوئس شادی شدہ ہیں، ریپبلک آف انڈونیشیا کے میرج سرٹیفکیٹ میں گلوکار اور خاتون کی تصویر تھی اور تصویر کے درمیان دونوں کے دستخط ہوئے تھے۔
خاتون مداح نے ٹک ٹاک پر بتایا کہ وہ اس کانسرٹ میں بطور سنگل خاتون کے گئی تھیں لیکن اب وہ یہاں سے شادی کرکے واپس لوٹی ہیں اور ان کا نکاح ہوچکا ہے۔
مقامی رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے قانون کے تحت شادی کو صرف اس وقت مانا جائے گا جب دلہا اور دلہن کی شادی کی تقریب منعقد کی جائے اور اس میں رشتہ دار اور دوست احباب شامل ہوں۔
اسی لیے گلوکار لوئس کے دستخط کردہ سرٹیفکیٹ کی قانونی اعتبار سے کوئی اہمیت نہیں ہے۔